مسئلہ کشمیر کومذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر تاکید
ہندوستان کے سابق وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر مذاکرات کے ذریعے حل ہونا چاہئیے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے سابق وزیر خارجہ یشونت سنہا نے کل سرینگر میں کہاکہ مسئلہ کشمیر بندوق سے نہیں بلکہ پیار کی گولی سے حل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر اور نئی دہلی میں بات چیت ہونی چاہیے اوربعد میں پاکستان کو بھی اس میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے پلوامہ میں واقع کمانڈوز ٹریننگ سینٹر (سی ٹی سی) میں کمانڈوز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برہان وانی کی ہلاکت کے بعد وادی کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اورفوج اور سیکیورٹی فورسز نے ضرورت سے زیادہ طاقت کا استعمال کیا جس سے حالات مزید خراب ہوئے ۔انہوں نے کشمیرکی کشیدہ صورتحال میں بہتری آنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کی حکمت عملی پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔