کشمیری عوام کی جدوجہد قابل ستائش
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i264652-کشمیری_عوام_کی_جدوجہد_قابل_ستائش
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیرکی کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کشمیری عوام کی جدوجہد کے حوالے سے استقامت اور وابستگی کو ہر لحاظ سے قابل ستائش قرار دیا۔
(last modified 2025-07-01T12:42:33+00:00 )
Dec ۲۹, ۲۰۱۶ ۰۶:۱۶ Asia/Tehran
  • کشمیری عوام کی جدوجہد قابل ستائش

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیرکی کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کشمیری عوام کی جدوجہد کے حوالے سے استقامت اور وابستگی کو ہر لحاظ سے قابل ستائش قرار دیا۔

سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں میرواعظ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے کو پست کرنے کیلئے گزشتہ کچھ مہینوں سے حکومتی سطح پر جس ظلم و تشدد کا مظاہرہ کیا گیا، اور ہزاروں افراد کو جاں بحق، زخمی، بینائی سے محروم اورگرفتار کیا گیا، اس کے باوجود اہل کشمیر کی جانب سے عزم و ثبات کا مظاہرہ، اس بات کی دلیل ہے کہ حالات کیسے بھی ہوں عظیم قربانیوں سے مزین تحریک کشمیری عوام کے خون میں رچ بس گئی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں بے مثال اور رواں تحریک آزادی کا قیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ قربانیاں کبھی رائیگان نہیں جائیں گی۔

 انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام کی قربانیوں نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کو عالمی برادری کی توجہ کا مرکز بنایا ہے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے حریت قیادت کی کوششیں ہر سطح پر جاری رہیں گی۔

واضح رہے کہ 8 جولائی کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برھان وانی کی ہلاکت کے بعد کشمیر میں حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے اوراب تک سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں 117 کشمیری ہلاک و ہزاروں زخمی اور گرفتارہوچکے ہیں۔