غاصب صیہونی حکومت کے وزیراعظم کے دورہ ہندوستان پر احتجاج
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i310437-غاصب_صیہونی_حکومت_کے_وزیراعظم_کے_دورہ_ہندوستان_پر_احتجاج
صیہونی حکومت کے وزیراعظم نتن یاہو ایک ایسے وقت ہندوستان کے دورے پر ہیں جب ان کے اس دورے کے خلاف ملک کے مختلف علاقوں میں شدید احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۱۵, ۲۰۱۸ ۱۱:۰۸ Asia/Tehran
  • غاصب صیہونی حکومت کے وزیراعظم کے دورہ ہندوستان پر احتجاج

صیہونی حکومت کے وزیراعظم نتن یاہو ایک ایسے وقت ہندوستان کے دورے پر ہیں جب ان کے اس دورے کے خلاف ملک کے مختلف علاقوں میں شدید احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔

ہندوستان کے چھے روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچے صیہونی حکومت کے وزیراعظم نتن یاہو کا پیر کو ایوان صدر میں استقبال کیا گیا-

ہندوستان اور صیہونی حکومت کے وزرائے اعظم نے اپنی ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا-

نتن یاہو کے دورہ ہندوستان کے موقع پر ہندوستان اور اسرائیل نے فوجی اور خلائی شعبوں سمیت مختلف میدانوں میں نو سمجھوتوں  پر دستخط کئے-

اس درمیان  ہندوستان کی مختلف مسلم اور غیر مسلم تنظیموں نے صیہونی حکومت کے وزیراعظم نتن یاہو کے دورہ ہندوستان کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرے کئے اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے-

مظاہرین کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے قاتل نتن یاہو کو ہندوستان کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہئے-

مظاہرین کا کہنا تھا کہ گاندھی کے ملک میں، جنھوں نے امن و بھائی چارے کی بات  کی ہے، غاصب ریاست کے وزیراعظم کو، جو فلسطینیوں کا قاتل ہے، دورے کی دینا ہندوستانی تہذیب سے تضاد رکھتا ہے-

ہندوستان کی مسلم اور غیر مسلم تنظیموں کے کارکنوں اور شہریوں نے دارالحکومت نئی دہلی میں متعدد مظاہرے کر کے مطالبہ کیا تھا کہ حکومت ہندوستان نتن یاہو کے دورہ ہندوستان کو منسوخ کرے-

اس موقع پر ہندوستان کے مختلف شہروں میں نتن یاہو کے پتلے کو بھی نذرآتش اور فلسطینیوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا گیا- شیعہ و سنی علما اور مذہبی رہنماؤں نے بھی کہا کہ غاصب اسرائیل مسلمانوں کا سب سے بڑا دشمن ہے اس کو ہندوستان کو دورے کی اجازت دینا ہندوستانی تہذیب کے منافی ہے-

ہندوستان کی بائیں بازو کی جماعتوں نے بھی پیر کو نئی دہلی کے انڈیا گیٹ پر  نتن یاہو کے دورہ ہندوستان کے خلاف مظاہرہ کیا-

اسرائیلی وزیراعظم کے خلاف مظاہرے کی کال سی پی آئی، سی پی ایم اور سوشلسٹ یونیٹی سینٹر نے کیا تھا۔

 دوسری جانب حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندرمودی کے ذریعے  پروٹول کے برخلاف نتن یاہو کا استقبال کرنے پر تنقید کی ہے- انہوں نے نتن یاہو کو گلے لگانے کے مودی کے انداز کا مذاق بھی اڑایا-