Jun ۰۶, ۲۰۲۰ ۲۱:۴۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان کورونا متاثرین کے لحاظ سے  دنیا میں چھٹے نمبر پر آگیا

ہندوستان کورونا وائرس کے دو لاکھ پینتالیس ہزار متاثرین کے ساتھ، دنیا میں چھٹے نمبر پر آگیا ہے۔

ہندوستانی وزارت صحت سنیچر کی صبح جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں چوبیس گھنٹے میں کورونا کے نو ہزار آٹھ سو ستاسی نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد یہ ملک متاثرین کے معاملے میں اٹلی کو پیچھے چھوڑ کر دنیا میں چھٹے نمبر پر آگیا ہے۔ 
اٹلی میں کورونا سے متاثرین کی تعداد دو لاکھ چونتس ہزار آٹھ سو بتائی گئی ہے جبکہ ہندوستان میں متاثرین کی تعداد دو لاکھ پینتالیس ہزار نو سو باسٹھ ہو گئی ہے ۔ البتہ اٹلی میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد تینتس ہزار سات سو چوہتر ہے جبکہ ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں دو سو چورانوے نئی اموات کے بعد مجموعی طور پر کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھے ہزار چھے سو بیالیس ہو گئی ہے۔
اس دوران دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کے معالجے میں لاپرواہی کرنے والے اسپتالوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں کورونا کے سب سے زیادہ ٹیسٹ دہلی میں کئے جا رہے ہیں اور بیشتر اسپتال کورونا سے نمٹنے میں تعاون کر رہے ہیں لیکن بعض من مانی بھی کر رہے ہیں جن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اسی کے ساتھ صحت کے عالمی ادارے ڈبلو ایچ او نے کورونا سے نمٹنے میں ایوشمان بھارت اسکیم کی ستائش کی ہے۔ ڈبلو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل، ڈاکٹر ٹیڈوروس گیبریس نے اپنی یومیہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کورونا کے خلاف ایوشمان بھارت اسکیم کی ستائش کرتا ہے ۔
صحت کی عالمی تنظیم ڈبلو ایچ او نے اسی کے ساتھ خبردار کیا ہے کہ ہندوستان میں کورونا کے کیسیز میں دوگنا اضافے کا خطرہ بھی پایا جاتا ہے اس لئے بہت زیادہ احتیاطی تدابیر بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ 
یاد رہے کہ ہندوستان کی مرکزی حکومت نے ایوشمان بھارت اسکیم کے تحت دس کروڑ غریب کنبوں کے لئے سالانہ پانچ لاکھ روپے کی مفت صحت خدمات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 

ٹیگس