ہندوستان، کورونا نے ایک اور وزیر کا شکار کیا
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i375212-ہندوستان_کورونا_نے_ایک_اور_وزیر_کا_شکار_کیا
ہندوستان میں گزشتہ ہفتوں کے دوران کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد مسلسل کم ہو رہی ہے۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
Nov ۰۱, ۲۰۲۰ ۰۹:۱۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان، کورونا نے ایک اور وزیر کا شکار کیا

ہندوستان میں گزشتہ ہفتوں کے دوران کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد مسلسل کم ہو رہی ہے۔

ہندوستان کی ریاست تمل ناڈو کے وزیر زراعت اور ’’اے آئی اے ڈی ایم کے‘‘ کے سینئر رہنما آر دورائی کنو کا کورونا وائرس سے انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 72 سال تھی۔

وزیر زراعت آر دورائی کنو نے ہفتے کی شب مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 15 منٹ پر چنئی کے کاویری اسپتال میں آخری سانس لی۔

کاویری اسپتال کی جانب سے جاری میڈیکل بلیٹن کے مطابق 13 اکتوبر کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد (کووڈ ۔19) اسپتال میں داخل ہوئے تھے۔ انہیں کورونا کی وجہ سے شدید نمونیہ ہو گیا تھا۔

در ایں اثناء ہندوستانی میڈیا نے صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے حوالے سے آج اتوار کے روز کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 470 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 22 ہزار 111 ہو گئی ہے۔

ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 58 ہزار 684 افراد صحت یاب ہوئے جس سے اس ملک میں جان لیوا وبا سے شفا پانے والوں کی تعداد بڑھ کر 74 لاکھ 91 ہزار 513 تک جا پہنچی۔

اسی عرصہ کے دوران کورونا کے 46 ہزار 963 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اس ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 81 لاکھ 84 ہزار 082 ہو گئی ہے ۔

واضح رہے کہ ہندوستان میں نئے معاملوں کے مقابلے میں کورونا وبا سے صحتیاب ہونے والے لوگوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔