ہندوستان میں کورونا سے یومیہ ہلاکتوں اور متاثرین کی تعداد میں کمی
ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین کی تعداد میں کمی کا سلسلہ جاری ہے
ہندوستانی وزارت صحت نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ ملک میں کورونا کے نئے یومیہ مریضوں کے مقابلے میں شفایاب ہونے والوں کی یومیہ تعداد زیادہ ہونے کے سبب، ری کوری کی شرح بانوے اعشاریہ پانچ فیصد اور کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح چھے فیصد سے بھی کم ہو گئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے پینتالیس ہزار چھے سو چوہتر نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد آٹھ ملین پانچ لاکھ ترپن ہزار سے زیادہ ہو گئی ۔ اس دوران کورونا کے مزید چار سو نوے مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ چھبیس ہزار چھے سو گیارہ ہو گئی ۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے اڑتالیس ہزار چار سو پانچ مریض مکمل طور پر شفایاب ہوئے اور ملک میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد سات ملین نولاکھ تیرہ ہزار ہوگئی ۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے فعال معاملات میں دو ہزار نو سو بانوے کی کمی آئی اور زیر علاج کورونا مریضوں کی تعداد کم ہو کے پانچ لاکھ نو ہزار چھے سو تہتر رہ گئی ۔
ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا کے سرگرم معاملات میں سب سے زیادہ کمی ریاست مہاراشٹر میں آئی اور اس ریاست میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے بھی کم ہوگئی جو تین لاکھ سے زیادہ ہوچکی تھی ۔