ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ پچپن ہزار
ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ پچپن ہزار ہوگئی ہے تاہم زیر علاج مریضوں کی تعداد میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔
ہندوستانی ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا کے چوبیس ہزار تین سو سینتس نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد اس ملک میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ پچپن ہزار سے تجاوز کر گئی۔ اس دوران کورونا کے پچیس ہزار سات سو نو مریض مکمل طور پر شفایاب ہوئے جس کے بعد ہندوستان میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد چھیانوے لاکھ چھے ہزار سے زائد ہو گئی۔
ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے تین سو تیس اموات ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ پینتالیس ہزار آٹھ سو دس ہو گئی۔ ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد تین لاکھ تین ہزار رہ گئی ہے۔
ہندوستان میں کورونا سے اموات کی شرح ایک اعشاریہ چار پانچ فی صد، زیر علاج مریضوں کی شرح تین اعشاریہ صفر دو فی صد اور شفایابی کی شرح پچانوے اعشاریہ پانچ تین فی صد بتائی گئی ہے۔