ہندوستان میں کورونا کے یومیہ کیسز کی تعداد میں کمی
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i378059-ہندوستان_میں_کورونا_کے_یومیہ_کیسز_کی_تعداد_میں_کمی
ہندوستان میں کووڈ نائنٹین کے مریضوں کی رفتار کم ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور ان کی تعداد کم ہو کر تین لاکھ سے نیچے آگئی ہے۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
Dec ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۵:۴۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کے یومیہ کیسز کی تعداد میں کمی

ہندوستان میں کووڈ نائنٹین کے مریضوں کی رفتار کم ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور ان کی تعداد کم ہو کر تین لاکھ سے نیچے آگئی ہے۔

اس وبا کے سست ہونے کی رفتار کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جا سکتا ہے کہ کئی مہینوں کے بعد جان لیوا وائرس کے یومیہ کیسز بیس ہزار سے کم ہو چکے ہیں اور اس کی وجہ سے ہونے والی اموات کی تعداد بھی پانچ سو کے نیچے رہ گئی ہے۔

منگل کے روز ہندوستان کی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران انیس ہزار پانچ سو چھپن نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ پچہتر ہزار سے زیادہ ہو گئی۔

اسی عرصے کے دوران تیس ہزار تین سو چھیتر مریضوں کی شفایابی سے صحت مند مریضوں کی مجموعی تعداد چھیانوے لاکھ چھتیس ہزار اور اس کی شرح پنچانوے اعشاریہ چھے پانچ فیصد ہو گئی۔ فعال کیسز کی تعداد دو لاکھ بانوے ہزار رہ گئی اور اس کی شرح کم ہو کر دو اعشاریہ نو صفر فیصد تک جا پہونچی ہے۔

اسی عرصے کے دوران کورونا وائرس کے تین سو ایک مریضوں کی ہلاکت سے اموات کی مجموعی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ چھیالیس ہزار ایک سو گیارہ ہو گئی ہے اور اموات کی شرح اب بھی ایک اعشاریہ چار پانچ فیصد ہے۔