اردو کے معروف ادیب ڈاکٹر شمس الرحمان فاروقی کا انتقال
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i378242-اردو_کے_معروف_ادیب_ڈاکٹر_شمس_الرحمان_فاروقی_کا_انتقال
اردو کے معروف ادیب، نقاد اور ناول نگار ڈاکٹر شمس الرحمان فاروقی انتقال کرگئے۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
Dec ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۵:۴۴ Asia/Tehran
  • اردو کے معروف ادیب ڈاکٹر شمس الرحمان فاروقی کا انتقال

اردو کے معروف ادیب، نقاد اور ناول نگار ڈاکٹر شمس الرحمان فاروقی انتقال کرگئے۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ڈاکٹر شمس الرحمان فاروقی ایک مہینہ قبل کورونا میں مبتلا ہوگئے تھے لیکن اس کو شکست دینے میں کامیاب رہے۔ بعد میں ان کے پھیپھڑوں میں انفیکشن ہوگیا تھا جس کے بعد انہیں الہ آباد سے دہلی لایا گیا۔

رپورٹوں کے مطابق جمعے کو انہیں دہلی کے ڈاکٹروں کے مشورے پر الہ آباد لے جایا گیا جہاں دن کے ساڑھے گیارہ بجے انہوں نے آخری سانس لی۔
شمس الرحمان فاروقی کا شمار اردو کے بڑے ادیبوں اور معتبر نقادوں میں ہوتا تھا۔ انہیں اردو کے ساتھ ہی انگریزی پر بھی پورا عبور حاصل تھا۔ شمس الرحمان فاروقی نے مولانا محمد حسین آزاد کی مشہور کتاب آب حیات اور ابن صفی کے کئی جاسوسی ناولوں کا انگریزی میں ترجمہ بھی کیا تھا۔
انیس سو چھیاسی میں شمس الرحمان فاروقی کو سب سے بڑے ادبی ایوارڈ ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ، انیس سو چھیانوے میں سرَسوَتی سَمّان اور دو ہزار نو میں پدَم شری ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
اردو ادب سے وابستہ مختلف اہم شخصیات نے شمس الرحمان فاروقی کے انتقال کو اردو زبان و ادب کا ناقابل تلافی نقصان اور ایک عہد کا خاتمہ قرار دیا ہے۔