ہندوستان میں کورونا کا قہر کمزور پڑا
ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تینتیس ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں کورونا کے فعال کیسز میں کمی آئی ہے۔
ہندوستان میں بہار، چندی گڑھ اور لکشدیپ کو چھوڑ کر تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں کورونا کے فعال کیسز میں کمی آئی ہے۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے منگل کی صبح جاری کئے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے نو ہزار ایک سو دو نئے کیس سامنے آئے جس سے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ چھے لاکھ چھیہتر ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
اس دوران پندرہ ہزار نو سو ایک مریض صحت یاب ہوئے۔ اب کورونا سے ٹھیک ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ تین لاکھ پینتالیس ہزار نو سو پچاسی ہو گئی۔ فعال کیسزمیں چھے ہزار نو سو سولہ معاملات گھٹ کر ایک لاکھ ستتر ہزار دو سو چھیاسٹھ ہوگئے ہیں۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید ایک سو سترہ مریض لقمہ اجل بنے اور یوں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ ترپن ہزار پانچ سو ستاسی ہوگئی ہے۔
دوسری جانب ہندوستان میں پچھلے سال جون کے بعد پہلی بار ایک دن میں کورونا انفیکشن کے دس ہزار سے کم نئے معاملے سامنے آئے ہیں جبکہ اسی مدت میں وبا کو مات دینے والوں کی تعداد پندرہ ہزار سے زیادہ رہی۔
اب تک بیس لاکھ تیئس ہزارآٹھ سو نو لوگوں کو کورونا کے ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔