ہندوستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں مسلسل تیزی
ہندوستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں مسلسل تیزی آرہی ہے۔
نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت نے جمعے کی صبح جو اعداد وشمار جاری کئے ہیں، ان کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے انتالیس ہزار سات سو چھبیس نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا۔ اس نئے اضافے کے بعد ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ پندرہ لاکھ چودہ ہزار سے تجاوز کرگئی۔ اس رپورٹ کے مطابق ملک کی اکتیس ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا سے متاثرین میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے مزید ایک سو چون افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد ہندوستان میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ انسٹھ ہزار تین سو ستر ہوگئی ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے مزید بیس ہزار چھے سو چون مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد ایک کروڑ دس لاکھ، تراسی ہزار، چھے سو اناسی ہے۔ ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق اب تک تین کروڑ ترانوے لاکھ انتالیس ہزار سے زائد شہریوں کو کورونا کا ٹیکہ لگایا جاچکا ہے۔