ہندوستان میں کورونا سے اموات میں ریکارڈ اضافہ
ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے مرنے والوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ہندوستانی ذرائع سے موصولہ رپورٹ کے مطابق بدھ کو ایک دن میں کورونا سے متاثرین کی تعداد منگل سے کم رہی لیکن مرنے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں تین سو چون افراد کورونا سے ہلاک ہوگئے جو اس ملک میں کورونا کی نئی لہر میں مرنے والوں کی اب تک سے سب سے بڑی تعداد ہے۔
بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا سے سب سے زیادہ، تین سو چوبیس اموات ہندوستان کی تین ریاستوں، مہاراشٹر، پنجاب اور چھتیس گڑھ میں ہوئی ہیں ۔ ریاست مہاراشٹر میں، تین سو انیس، پنجاب میں چونسٹھ اور چھتیس گڑھ میں پینتس کورونا کے مریض ہلاک ہوئے ہیں ۔
ہندوستان میں کورونا کی نئی لہر کا زور بھی ریاست مہاراشٹر میں زیادہ بتایا گیا ہے ۔ مہاراشٹرمیں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں تین ہزار پانچ سو انسٹھ نئے مریضوں کا پتہ لگا جس کے بعد اس ریاست میں کورونا کے زیرعلاج مریضوں کی تعداد تین لاکھ اکتالیس ہزار آٹھ سو ستاسی ہوگئی ہے ۔
ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے ترپن ہزار چار سو اسّی نئے مریضوں کا انداراج کیا گیا جس کے بعد اس ملک میں کورونا کے زیرعلاج مریضوں کی تعداد پانچ لاکھ باون ہزار پانچ سو چھیاسٹھ ہو گئی ہے۔
ہندوستان میں کورونا سے صحتیابی کی شرح کم ہوکے چورانوے اعشاریہ ایک ایک فیصد اور زیر علاج مریضوں کی شرح بڑھ کے چار اعشاریہ پانچ پانچ فیصد ہوگئی ہے۔