ہریانہ میں 200 افراد آلودہ پانی پینے سے بیمار
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i412217-ہریانہ_میں_200_افراد_آلودہ_پانی_پینے_سے_بیمار
ہندوستان کی ریاست ہریانہ کے شہر گڑگاؤں میں تقریباً 200 افراد مبینہ طور پر آلودہ پانی پینے سے بیمار ہو گئے ہیں۔
(last modified 2026-07-27T14:26:43+00:00 )
Oct ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۰:۳۷ Asia/Tehran
  • ہریانہ میں 200 افراد آلودہ پانی پینے سے بیمار

ہندوستان کی ریاست ہریانہ کے شہر گڑگاؤں میں تقریباً 200 افراد مبینہ طور پر آلودہ پانی پینے سے بیمار ہو گئے ہیں۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق ریاست دہلی کی سرحد سے متصل ہریانہ کے شہر گڑگاؤں (نیا نام گروگرام) میں ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کے تقریباً 200 افراد مبینہ طور پر آلودہ پانی پینے کی وجہ سے بیمار ہو گئے۔ سوسائٹی کے متعدد افراد کو قے، بخار اور اسہال ہونے کے بعد ہنگامی طبی علاج کرایا گیا۔

اطلاعات کے مطابق مقامی محکمۂ صحت کے افسران مذکورہ سوسائٹی پہنچے اور ہنگامی او پی ڈی کا انتظام کیا۔ مزید ٹیسٹ کے لئے پانی کے نمونے لئے گئے ہیں۔ سب سے زیادہ ممکنہ وجہ کے طور پر پانی کی آلودگی کا شبہ ہے۔

ریذیڈنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ “ہمیں شبہ ہے کہ یہ سپلائی کئے جانے والے پانی سے پیدا ہونے والا جراثیمی (بیکٹیریل) انفیکشن ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی صحت کو خطرہ لاحق ہے۔”

سوسائٹی کے کلب ہاؤس میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا اور 80 افراد کا معائنہ کیا گیا جن میں سے 60  افراد  کو متلی، قے، بخار اور اسہال کی شکایت تھی۔

دریں اثنا، سوسائٹی کے لوگوں نے واقعے کی تفصیلی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ٹائمز ناؤ نیوز ویب سائٹ کے مطابق سوسائٹی میں رہنے والے ایک شخص نے کہا کہ، ہماری سوسائٹی میں تقریباً 600 خاندان ہیں۔ ہم حکام سے درخواست کرتے ہیں کہ مذکورہ واقعے کی وجہ کا پتہ لگانے کے لئے تفصیلی تحقیقات کی جائيں۔