ایران اور روس کے درمیان تعاون 14 سمجھوتوں پر دستخط
ایران اور روس کے اعلی حکام نے سیاسی، اقتصادی، عدالتی، قانونی اور سائنسی شعبوں میں تعاون کے چودہ سمجھوتوں پر دستخط کیے ہیں۔
سمجھوتوں پر دستخط کی تقریب ماسکو میں ایوان صدر یا کریملن ہاوس میں منعقد ہوئی جس میں ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور روس کے صدر ولادی میر پوتن بھی موجود تھے۔
ان معاہدوں کے تحت ایران اور روس، ملزمان کا تبادلہ، بجلی کی تجارت، کھیل کود، تعمیرات اور سیاحت کے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کریں گے۔
ایران اور روس کے حکام نے اینچے برون،گرمسار کے درمیان ریلوئے ٹریک پر الیکٹرک ٹرین چلانے کے منصوبے پر بھی دستخط کیے ہیں۔
اس موقع پر سرکاری شعبے کے علاوہ ایران اور روس کے نجی شعبے کے درمیان بھی تعاون کے متعدد سمجھوتوں پر دستخط کئے گئے۔
صدر حسن روحانی اپنے روسی ہم منصب صدر ولادی میر پوتن کی دعوت پر ایک اعلی سطحی سیاسی اور اقتصادی وفد کے ہمراہ پیر کی شام ماسکو پہنچے تھے۔