عراق: ثرثار علاقے کو آزاد کرانے کی کارروائی شروع
عراق کی مرکزی پولیس نے ملک کے مغربی علاقے ثرثار کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔
عراق کی مرکزی پولیس نے ایک بیان میں یہ کارروائی شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے بیجی شہر کے شمال میں واقع الفتحہ کے علاقے میں داعش کے ٹھکانوں پر حملہ کر کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
جبکہ عراق کے جنگی طیاروں نے صوبہ نینوا کے جنوب میں القیارہ آئل فیلڈ میں داعش کے بیس آئل ٹینکروں کو تباہ اور آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ایک اور رپورٹ کے مطابق صوبہ دیالہ کے علاقے العبارہ کی کونسل کے سربراہ عدنان غضبان ملا جواد نے کہا ہے کہ العبارہ علاقے کے مختلف مذاہب اور نسلوں سے تعلق رکھنے والے قبائل نے اپنے جوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ملک کی سرزمین کا دفاع کرنے کے لیے داعش کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔
عدنان غضبان نے مزید کہا کہ قبائل کے جوانوں سے اکٹھا ہونے کی اپیل اس وقت کی گئی کہ جب حالیہ دنوں کے دوران صوبہ دیالہ کے مختلف علاقوں میں داعش کا خطرہ سامنے آیا اور کئی عراقی شہری دہشت گردوں کے حملے میں مارے گئے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ العبارہ قبیلہ دہشت گردوں کے زیر قبضہ علاقوں کی آزادی کے لیے ہر فوجی کارروائی کی حمایت کرتا ہے۔