مشرقی حمص میں شامی فوج کی پیشقدمی،درجنوں دہشت گرد ہلاک
شامی فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے مشرقی حمص کے نواحی علاقوں میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔
دمشق میں عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ شامی فضائیہ کی بمباری میں تدمر کے قریب واقع مستودعات کے علاقے میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ ہو گئے۔ اس حملے میں درجنوں دہشت گرد ہلاک اور ان کی متعدد بکتر بند گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ شامی فوج نے عوامی رضاکار فورس کے تعاون سے مشرقی صوبے دیرالزور کے قریب واقع داعش کے ٹھکانوں پرحملے کر کے انہیں تہس نہس کر دیا۔
ایک اور اطلاع کے مطابق سویدا کے نواحی پہاڑی علاقے میں شامی فوج کے حملے میں جبہۃ النصرہ کے دہشت گردوں کی متعدد اسلحہ بردار گاڑیاں تباہ ہو گئی ہیں۔
شامی فوج نے شمالی حماہ پر جبہۃ النصرہ اور جند الاقصی نامی دہشت گرد گروہوں کے حملے کو بھی پسپا کر دیا۔ اس کارروائی میں کم سے کم اٹھائیس دہشت گرد مارے گئے۔