عراق: ہیت کے شمال میں دسیوں دہشت گرد ہلاک
عراق کے صوبہ الانبار کے شہر ہیت کے مغربی نواحی علاقے میں فوج کی کارروائی میں دسیوں داعشی دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
سومریہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج نے اتوار کے روز ہیت شہر کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ستر داعشی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
دوسری جانب عوامی رضاکار فورس کے کئی دستوں نے فلوجہ کے شمال مشرق میں واقع اسٹریٹیجک قصبے الکرمہ کے مرکز میں کارروائی شروع کر دی ہے اور شروع میں ہی اس نے البو رحیم علاقے کو آزاد کرانے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔
عراقی سیکورٹی فورسز نے بھی آزاد ہونے والے علاقوں میں ایک سو تیس سے زائد بموں کو ناکارہ بنا دیا ہے۔
عراق سے موصولہ ایک اور رپورٹ کے مطابق عراقی فضائیہ کے ایک جنگی طیارے نے اتوار کے روز الرطبہ کے علاقے میں دہشت گردوں کا گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ بمباری کر کے تباہ کر دیا۔ اس حملے میں بھی دس دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ جبکہ عراقی فوج نے فلوجہ کے علاقے عامریہ کے شمال مغرب میں تکفیری گروہ داعش کی زیرزمین چار سرنگوں کو تباہ کر دیا۔