فلوجہ میں داعش کا حملہ ناکام
عراقی فوج نےفلوجہ میں داعش گروہ کا حملہ ناکام بنادیا ہے۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں نے عراق کے مغربی شہر فلوجہ میں دہشت گرد گروہ داعش کا حملہ ناکام بنادیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں نے فلوجہ کے جنوب میں داعش دہشت گردوں کی ایسی بہت سی گاڑیاں تباہ کرکے، جن میں بم نصب تھے، ان کے حملے کو ناکام بنایا۔
خبروں کے مطابق فلوجہ میں ہونے والی عراقی فوج اورعوامی رضاکاروں کی اس کارروائی کے دوران داعش کے متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ فلوجہ شہر عراق کے مغرب میں صوبہ الانبار میں واقع ہے۔ عراقی فوج نے شمالی صوبے نینوا کے صدر مقام موصل کے جنوب میں المہنا دیہات میں بھی داعش دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا۔
عراقی فوج نے چند روز پہلے ہی المہنا دیہات پر اپنا کنٹرول حاصل کیا ۔
ادھر عراقی جنگی طیاروں نے صوبہ نینوا کے کئی شہروں میں داعش گروہ کے دھماکا خیز مواد بنانے والے کارخانوں اور مواصلاتی مراکز پر بمباری کرکے ان کو تباہ کردیا ہے۔ اس بمباری میں کم سے کم پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔