شام میں دہشت گردانہ کارروائی، متعدد افراد جاں بحق اور زخمی
شام کے شمال مشرقی علاقے میں ایک دہشت گردانہ بم دھماکے میں شامی کردوں کی ملیشیاکے متعدد جوان جاں بحق اور زخمی ہوگئے-
شام سے موصولہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ الحسکہ کے شہر قامشلی میں شامی کردملیشیا کی ایک چیک پوسٹ پر بم کا دھماکہ ہوا جس میں پانچ کرد جوان جاں بحق اور چار دیگر زخمی ہوگئے -
دوسری جانب روسی جنگی طیاروں نے حلب کے مضافاتی علاقوں العیس اور تل العیس میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے -
یہ ایسی حالت میں ہے کہ دہشت گردوں کے محاصرے میں موجود شامی باشندوں کےلئے روس کی انسان دوستانہ امداد، دمشق ہوائی اڈے پر پہنچ گئی ہے- اس انسان دوستانہ امداد کا مقصد دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے مقابلے میں شامی عوام کی استقامت کو تقویت پہنچانا اور بعض علاقائی اور عالمی طاقتوں کے ذریعے کئے گئے ظالمانہ محاصرے کو ناکام بنانا ہے -
روس نے اس سے پہلے بھی شام کے متعلقہ اداروں کے تعاون سے مختلف صوبوں کے دسیوں شہروں اور قصبوں میں محصور شامی باشندوں کے لئے انسان دوستانہ امداد پہنچائی ہے-