شام: حلب شہر پر دہشت گردوں کا حملہ
شام کے شمالی شہر حلب پر دہشت گرد گروہوں کے حملے بدستور جاری ہیں۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں نے اتوار کی رات حلب شہر کے المیدان، السلیمانیہ اور السید علی علاقوں پر مارٹر حملے کیے جن میں چھے افراد جاں بحق اور چالیس زخمی ہو گئے۔
ایک اور رپورٹ کے مطابق شامی فوج نے معان قصبے اور اس کے اطراف کے دیہاتوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں جبہۃ النصرہ گروہ کے بیس دہشت گرد ہلاک ہو گئے جن میں اس گروہ کا ایک سرغنہ ابو مرعی بھی شامل ہے۔ اس کارروائی میں اس گروہ کے بہت سے ٹھکانے تباہ ہو گئے اور اس کا بہت سا فوجی سازوسامان اور گولہ بارود تباہ کر دیا گیا۔
دوسری جانب شامی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے حلب کے جنوبی نواحی علاقے خناصر میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس میں بہت سے دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہو گئے اور ان کی بکتر بند گاڑیاں اور بھاری فوجی سازوسامان بھی تباہ ہو گیا۔
جبکہ شامی فوج نے جنوبی شہر درعا کے نواح میں جبہۃ النصرہ کے ٹھکانے پر راکٹوں سے حملہ کیا ہے جس میں دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ اور بہت سے دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہو گئے۔