شام میں دہشت گردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن
شام میں دہشت گردوں کے خلاف ملگ گیر آپریشن میں کئی علاقے آزاد اور بہت سے دہشت گرد ہلاک ہوگئے-
شام سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پیر کو صوبہ حمص کے تاریخی شہر پالمیرا کے نزدیک شامی افواج کے آپریشن میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ اس رپورٹ کے مطابق شام کی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے پالمیرا کے شمال میں واقع کوہ الزلفہ اور اراک آئل فیلڈ اورالصوامع نامی علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کردیا ہے ۔
اسی کے ساتھ شامی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے بھی صوبہ حمص کے مشرقی علاقے السخنہ میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کرکے اس تکفیری دہشت گرد گروہ کو کافی جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔
دمشق کے مضافات میں بھی شامی افواج نے دمشق ہوائی اڈے کی طرف جانے والی شاہراہ کے قریب کئی قصبوں کو دہشت گردوں سے آزاد کرالیا ہے۔
اسی طرح شمالی شام میں بھی حماہ کے مضافات میں شام کے جنگی طیاروں نے داعش کے مراکز پر بمباری کرکے اس کے کئی مراکز کو تباہ کردیا ۔
دوسری طرف حماہ کے شمال میں عطشان اور معان نامی علاقوں میں شام کی فوج کے آپریشن میں جبھۃ النصرہ کے بیس دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور ایک راکٹ لانچر، ہیوی مشین گنوں سے لیس دو گاڑیاں اور متعدد مارٹر توپیں تباہ ہوگئیں ۔
اسی طرح ادلب کے مضافات میں شامی افواج کے آپریشن میں تکفیری دہشت گرد گروہ احرارالشام کا بم بنانے کا ایک کارخانہ تباہ اور اس میں موجود سبھی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ادھردیرالزور میں شامی فوجیوں نے روسی جنگی طیاروں کے تعاون سے داعش کے مراکز پر حملہ کرکے بہت سے دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔