شام میں دہشت گردوں کی جارحیت
دہشت گردگروہ جبھۃ ا لنصرہ نے شام کے شمال مغربی شہر ادلب کے مضافات میں واقع ایک گاؤں کے پندرہ عام شہریوں کو قتل کردیا ہے-
شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق جبھۃ النصرہ کے دہشت گردوں نے ادلب کے مضافات میں واقع گاؤں خوین پر حملہ کرکے کم سے کم پندرہ عام شہریوں کو قتل کردیا جن میں چار بچے بھی شامل ہیں- دہشت گردوں نے شمالی شہر حلب کے حلب الجدیدہ علاقے میں بھی مارٹر گولے سے حملہ کرکے ایک بچے کو جاں بحق اور متعدد دیگر افراد کو زخمی کردیا ہے -
ادھرالفوعہ شہر پر بھی دہشت گردوں نے مارٹر سے حملہ کرکے ایک عام شہری کو جاں بحق اور متعدد دیگر کو زخمی کردیا ہے-
دریں اثنا شام سے ہی موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ شامی فوج نے صوبہ حلب اور حلب شہر کے مضافاتی علاقوں میں پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے حلب شہر کے مغرب میں بعض علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے -