شمالی صوبے نینوا میں داعش کے ٹھکانوں پرعراقی فضائیہ کی بمباری
عراقی فضائیہ نے شمالی صوبے نینوا میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کر کے سیکڑوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے
عراقی خبررساں ایجنسی واع نے بتایا ہے کہ فوج نے فضائیہ کی مدد سے صوبہ نینوا میں داعش کے ٹھکانوں پر شدید حملہ کر کے کم سے کم ساڑھے تین سو دہشت گردوں کو ہلا ک کر دیا- عراقی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے صوبہ نینوا کے حردان ، تل اسقف،نوران،بعشیقہ،مخمور،کویر اور الخازر شہروں میں داعش کے ٹھکانوں پر حملہ کر کے ان کے جنگی ساز و سامان کو تباہ کر دیا ہے-
اس دوران عراق میں داعش کے جرائم کے بارے میں ملنے والی تازہ ترین خبروں میں کہا گیا ہے کہ داعش کے دہشت گردوں نے پچھلے ایک سال کے دوران بیس عراقی صحافیوں کو قتل کیا ہے - عراق میں صحافتی آزادی کی نگرانی کے مرکز کے سربراہ ہادی جلومرعی نے اپنے ایک بیان میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ داعش نے پچھلے ایک سال کے عرصے میں کم سے کم بیس صحافیوں کو قتل کیا ہے کہا کہ داعش کے عناصر مسلسل دوسرے سال بھی صحافیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں - اس بیان میں کہا گیا ہے کہ داعش کے عناصر نے بہت سے صحافیوں کو اغوا بھی کر لیا ہے- ایک اور رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دوہزار تین سے اب تک عراق میں چارسوتیس صحافیوں کو قتل کیا جاچکاہے-