صیہونی حکومت کی جارحیت
صیہونی فوجیوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فلسطین کے مختلف علاقوں پر حملے اور لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔
لبنان کے المیادین ٹی وی کے مطابق صیہونی فوجیوں نے بدھ کو جنوبی غزہ کے شہر القرارہ میں فلسطینیوں پر فائرنگ کر دی۔ اس فائرنگ میں ممکنہ طور پر کسی کے شہید یا زخمی ہونے کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔
غزہ میں فلسطینیوں پر صیہونی حکومت کے فوجیوں کی یہ فائرنگ اگست دو ہزار چودہ کے جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ غزہ اور صیہونی حکومت کے درمیان جنگ بندی کے اس معاہدے پر صیہونی حکومت کی پچاس روزہ جارحیت کے بعد مصر کی ثالثی میں دستخط ہوئے تھے۔
صیہونی فوجیوں نے اسی طرح غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کر کے کم سے کم پانچ فلسطینیوں کو زخمی کر دیا جبکہ آٹھ کو گرفتار کر لیا.
دوسری طرف لبنانی فوج نے بھی اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کے ایک جاسوس طیارے نے لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے ایک جاسوس طیارے نے علما الشعب نامی قصبے اور اس کے اطراف کے علاقوں کی فضائی حدود اور لبنان کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں پرواز کی۔