شامی فوج کی شہر تدمر کی جانب پیشقدمی
شام کی فوج نے اس ملک کے تاریخی شہر تدمر یا پالمیرا کی جانب پیشقدمی شروع کر دی ہے۔
روس کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں شہر تدمر کی جانب شامی فوج کی پیشقدمی کی خبر دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ شامی فوجیوں نے سات فروری سے اب تک تاریخی شہر تدمرکے مضافاتی علاقوں کے بہت سے حصے داعش دہشت گرد گروہ کے قبضے سے آزاد کرا لیے ہیں۔
روسی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شامی فوج نے داعش دہشت گردوں کو القلیب قصبے اور اس کے اطراف میں واقع پہاڑیوں سے پیچھے دھکیل دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ شام میں روس کی فوجی کارروائیاں شروع ہونے کے بعد سے شامی فوجیوں نے اب تک دہشت گردوں کے قبضے سے آٹھ سو مربع کلومیٹر سے زیادہ علاقے کو آزاد کرانے میں کامیابی حاصل کی۔
حکومت شام کی جانب سے سامنے آنے والے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ گذشتہ ایک ہفتے میں شامی فوج کی کارروائیوں میں داعش کے دوسو سے زیادہ دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
درایں اثنا روس کی وزارت دفاع نے ڈرون طیارے سے لی جانے والی تصاویر جاری کی ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ نے شہر تدمر کی کئی تاریخی عمارتوں اور آثار قدیمہ کو ڈھا دیا ہے۔
روس کی وزارت دفاع نے ان تصاویر میں چھے جولائی دوہزار سولہ کے اور پانچ فروری دوہزار سترہ کے شہر تدمر کو دکھانے کی کوشش کی ہے اور دونوں کا موازنہ کیا ہے۔