شام میں داعش کے ٹھکانوں پر عراقی فضائیہ کا حملہ
عراقی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے شام کے صوبہ دیرالزور کے شہر البو کمال کے قریب ھجین کے علاقے میں دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔
عراقی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دمشق حکومت کے ساتھ ہم آہنگی کے بعد عراقی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے شام کے شہر البوکمال کے قریب داعش کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی اور ہجین کے علاقے میں داعش کا ایک بڑا اڈہ تہس نہس کردیا۔
عراق اور شام کے اعلی حکام کے درمیان ہم آہنگی کے بعد گذشتہ چھے مئی کو عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے عراقی فوج کو حکم دیا تھا کہ وہ شام کے اندر دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں پر حملے کریں۔
دوسری جانب دمشق کے غوطہ شرقی سے مسلح مخالف گروہوں کے نکل جانے اور اس علاقے میں امن قائم ہوجانے کے بعد علاقے کے باشندے اب رضاکارانہ طور پر اپنے گھروں کو لوٹنے لگے ہیں۔
علاقے کے باشندوں کی واپسی کے ساتھ ہی غوطہ شرقی میں بنیادی ضروریات کی فراہمی اور حفظان صحت سے متعلق سبھی اقدامات بھی انجام دئے جارہے ہیں۔