شام کے قبائل میں اختلافات ڈالنے میں دشمنوں کو ناکامی کا سامنا
https://urdu.sahartv.ir/news/middle_east-i197647-شام_کے_قبائل_میں_اختلافات_ڈالنے_میں_دشمنوں_کو_ناکامی_کا_سامنا
شام کے دروزی قبیلے کے سردار حکمت الہجری نے کہا ہے کہ دشمنوں کو شام کے قبائل کے درمیان اختلافات پیدا کرنے میں ناکامی ہوئی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۷:۵۶ Asia/Tehran
  • شام کے قبائل میں اختلافات ڈالنے میں دشمنوں کو ناکامی کا سامنا

شام کے دروزی قبیلے کے سردار حکمت الہجری نے کہا ہے کہ دشمنوں کو شام کے قبائل کے درمیان اختلافات پیدا کرنے میں ناکامی ہوئی ہے۔

شام کے جنوبی صوبے سویدا کے دروزی قبیلے کے سردار حکمت الہجری نے اتوار کے دن فارس خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کے دوران کہا کہ سویدا شہر میں دہشت گردانہ حملوں کا مقصد شام کے قومی اتحاد کو ضرب لگانا اور شامی عوام کے دشمنوں کے مقاصد پورا کرنا تھا۔ حکمت الہجری نے کہا کہ دشمن اپنا یہ مقصد شام میں بسنے والی اقلیتوں پر حملے کی ذریعے حاصل کرنا چاہتا تھا۔ حکمت الہجری نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے، کہ شام کے قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے لئے کی جانے والی تمام کوششیں ناکام ہوں گی، کہا کہ اس علاقے کے تمام قبائل ایک دوسرے کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں اور وہ صیہونی حکومت اور تکفیری گروہوں کی جانب سے شام کے عوام کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے لئے تیار کی جانے والی سازشوں کے جال میں نہیں پھنسیں گے۔ حکمت الہجری کا مزید کہنا تھا کہ شام کے دشمن تکفیری دہشت گردوں کی مالی اور فوجی مدد کر کے اپنے مقاصد کے حصول کے لئے ان کو اپنے آلہ کار کے طور پر استعمال کرتے ہیں لیکن شام کے عوام کی ہوشیاری کی وجہ سے شام کے دشمنوں کو اپنے مقصد میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ واضح رہے کہ شام کی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے اتوار کے دن سویدا شہر میں دہشت گردانہ بم دھماکوں میں ملوث فرد کو گرفتار کرلیا۔ جمعے کے دن شام کے سویدا شہر میں ایک ساتھ دو کار بم دھماکے ہوئے تھے جن میں کم از کم چھبیس افراد جاں بحق اور دسیوں زخمی ہو گئے تھے۔