اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ نہیں: حماس
Sep ۱۲, ۲۰۱۵ ۱۳:۲۲ Asia/Tehran
حماس نے کہا ہے کہ غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کے ساتھ کوئی بھی جنگ بندی معاہدہ نہیں ہوا ہے-
اطلاعات کے مطابق اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے رکن موسی ابومرزوق نے غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ طے پانے کے بارے میں کہا کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان قلیل المیعاد یا طویل المیعاد جنگ بندی معاہدے کے بارے میں کسی بھی طرح کی بالواسطہ یا بلا واسطہ بات چیت نہیں ہوئی ہے- انہوں نے کہا کہ تحریک حماس فی الحال دورہ روس کی تیاری کر رہی ہے اور ایران کا دورہ کرنے کی بھی خواہاں ہے کیونکہ یہ مسئلہ فلسطین کے مفاد میں ہے- موسی ابومرزوق نے سینا کے علاقے میں چار فلسطینیوں کے اغوا کے بارے میں کہا کہ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں اور اس مسئلے کا ذمہ دار مصر ہے کیونکہ یہ اغوا کی کارروائی سرزمین مصر پر انجام دی گئی ہے- انہوں نے مسجدالاقصی کے لئے مسلمانوں اور انتہا پسند صیہونیوں کے درمیان وقت کی تقسیم کی صیہونی حکومت کی کوشش کے بارے میں کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم، مراکش کی قدس کمیٹی، عرب لیگ اور اردن مسجد الاقصی کے لئے وقت کی تقسیم کو روکنے کے ذمہ دار ہیں-