اسرائیل علاقے میں عدم استحکام کا باعث ہے: صائب عریقات
Sep ۱۲, ۲۰۱۵ ۱۶:۲۴ Asia/Tehran
پی ایل او کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نے صیہونی حکومت کو علاقے میں عدم استحکام کا باعث قرار دیا ہے-
الرسالہ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق پی ایل او کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ صائب عریقات نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ علاقے میں استحکام ، اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے سے ہی ممکن ہے اور دنیا، اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے، فلسطین کی مکمل آزادی اور آزاد و خود مختار فلسطینی حکومت کی خواہاں ہے- صائب عریقات نے مزید کہا کہ یورپی یونین کے تمام رکن ممالک، ایسی آزاد و خود مختار فلسطینی حکومت کی تشکیل چاہتے ہیں جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو- پی ایل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نے بعض عرب ممالک کی جانب سے فلسطینی قرارداد کے حق میں ووٹ نہ ڈالنے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ فلسطین کو ایک سو اکتالیس ووٹ ملنے چاہییں تھے- اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جمعرات کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے فلسطینی پرچم لہرائے جانے کے لئے فلسطینیوں کی قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالے گئے- ایک سو انیس ملکوں نے اس قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالے جبکہ امریکہ اور صیہونی حکومت سمیت آٹھ ممالک نے اس کی مخالفت میں ووٹ ڈالے اور پینتالیس ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا- اس قرارداد کی منظوری فلسطینیوں کے لیے ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دی جا رہی ہے-