شام میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن
شام میں دہشت گردوں کے خلاف فوج اور عوامی رضاکار فورس کا ملک گیر آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا کے مطابق شام کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے حلب کے مضافات میں دہشت گردوں پر کاری ضربیں لگائی ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق شام کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے حلب کے مضافات میں داعش اور جبہت النصرہ کے مراکز اور ٹھکانوں پر حملے کئے اور دہشت گردوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا۔
شامی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے بھی حلب کے جنوب میں دہشت گردوں کے خلاف اپنے فضائی آپریشن میں جبہت النصرہ کے کئی ٹھکانوں اور اسلحے اور گولے بارود سے بھری کئی گاڑیوں کو تباہ کر دیا ۔
شام سے ملنے والی ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شام کی فوج نے عوامی رضاکار فورس کے تعاون سے حلب کے مضافات میں الخناضر شاہراہ پر داعش کے ایک حملے کو ناکام بنا دیا ۔ اس حملے میں داعش کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھاکے پسپائی اختیار کرنی پڑی ۔
شامی افواج نے اسی طرح شہر حلب میں جبہت النصرہ اور دیگر تکفیری دہشت گرد گروہوں کے خفیہ ٹھکانوں اور مراکز پر حملہ کرکے بہت سے دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔