ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پرتشدد مظاہروں پر پاکستان کا ردعمل
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i236026-ہندوستان_کے_زیرانتظام_کشمیر_میں_پرتشدد_مظاہروں_پر_پاکستان_کا_ردعمل
پاکستان کی حکومت نے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں مظاہرین کے خلاف پولیس تشدد کی مذمت کی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۴:۲۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پرتشدد مظاہروں پر پاکستان کا ردعمل

پاکستان کی حکومت نے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں مظاہرین کے خلاف پولیس تشدد کی مذمت کی ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں ہندوستانی فوج کے ہاتھوں حزب المجاہدین کشمیر کے کمانڈر برھان وانی کی ہلاکت اور اس کے بعد ہونے والے مظاہروں کے دوران پولیس کی فائرنگ میں متعدد مظاہرین کی ہلاکت کو افسوسناک قرار دیا گیا ہے۔

بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ہندوستان ، جموں کشمیر میں اپنے اقدامات کے ذریعے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ پاکستان کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان طاقت کے زور پر کشمیر کے عوام کو اپنی سرنوشت کے تعین اور حق خود ارادیت سے محروم نہیں کرسکتا۔

پاکستان کی وزارت خارجہ نے کشمیری رہنماؤں کی نظر بندی اور گرفتاریوں پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت ہندوستان سے کہا ہے کہ وہ انسانی حقوق کا احترام اور سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی پابندی کرے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے بیان میں ایک بار پھر اس موقف کا اعادہ کیا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق، کشمیری عوام کو اپنی سرنوشت کے تعین کا حق دیا جائے اور یہی کشمیر کے تنازعے کے حل کا واحد راستہ ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں حزب المجاہدین کے نوجوان کمانڈر برھان وانی کی ہلاکت کے بعد پرتشدد مظاہرے ہوئے ہیں۔

پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے دوران پولیس کی فائرنگ میں کم سے کم سترہ افراد ہلاک اور دو سو زخمی ہوئے ہیں۔