کشمیری عوام کی حمایت میں پاکستان بھر میں مظاہرے
لاکھوں پاکستانیوں نے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے کیے ہیں۔
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں بدامنی کے آغاز کے بارہویں روز پاکستان بھر میں کشمیری عوام سے اظہار یکجتہی کے لیے مظاہرے کیے گئے اور کشمیر میں جاری تشدد کی مذمت کی گئی۔
حکومت پاکستان نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ بدھ بیس جولائی کو کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم سیاہ منائیں اور مظاہرے کریں۔
لاھور سے کاروان کشمیر نام سے مارچ کرنے والے ہزاروں پاکستانی شہری دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی ایک بڑی ریلی میں شامل ہو گئے۔ مظاہرین نے کشمیری عوام کی حمایت میں نعرے لگائے اور اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ہندوستانی سیکورٹی فورس کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کو رکوانے کے لیے ٹھوس اور موثر اقدامات کریں۔
پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف نے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ان کا ملک کشمیر کے عوام کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر کشمیری عوام کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پورے کشمیر میں استصواب رائے کرانے کا مطالبہ کرتا چلا آ رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پچھلے بارہ روز سے جاری تشدد اور بدامنی کے واقعات میں پچاس کے قریب افراد جاں بحق اور تین ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔