پاک افغان سرحد پر کشیدگی میں اضافہ
پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر کشیدگی بڑھ گئی ہے
ارنا کی رپورٹ کے مطابق وزیرستان میں پاکستانی فوج کے اڈوں پر افغانستان کے اندر سے ہونے والے حملوں اور دہشتگردوں کے ساتھ اس ملک کے سیکورٹی اہلکاروں کی جھڑپوں میں چند افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔
پاکستانی فوج نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ افغانستان کے سرحدی علاقے سے پاکستانی علاقے باجوڑ ایجنسی میں پانچ راکٹ فائر کئے گئے جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور سات زخمی ہوگئے کہ جس میں زیادہ تر بچے ہیں۔
پاکستان اور افغانستان کی سرحدوں پر کشیدگی بڑھنے سے جنوبی وزیرستان میں پاکستانی فوجی کانوائے پر دہشتگردوں کے حملے بھی بڑھ گئے ہیں۔
پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ میں چار حملہ آور ہلاک اور چار فوجی جاں بحق ہوگئے۔
پاکستان ایسے عالم میں افغانستان کے اندر سے راکٹ حملوں کی خبر دے رہا ہے کہ افغانستان کی وزارت خارجہ نے گذشتہ ہفتے کابل میں پاکستانی سفیر کو طلب کر کے صوبہ کنر میں پاکستان کے اندر سے ہونے والے راکٹ حملوں پر سخت تشویش ظاہر کی تھی ۔