امن وامان کی صورت حال کو برقرار رکھا جائے: سپریم کورٹ
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i403343-امن_وامان_کی_صورت_حال_کو_برقرار_رکھا_جائے_سپریم_کورٹ
پاکستان کے سپریم کورٹ نے تمام سیاسی قوتوں اور ریاستی اداروں کو آئینی حدود کے مطابق کردار ادا کرنے کی ہدایت دی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Apr ۰۳, ۲۰۲۲ ۱۷:۲۶ Asia/Tehran
  • امن وامان کی صورت حال کو برقرار رکھا جائے: سپریم کورٹ

پاکستان کے سپریم کورٹ نے تمام سیاسی قوتوں اور ریاستی اداروں کو آئینی حدود کے مطابق کردار ادا کرنے کی ہدایت دی ہے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور صدر کے تمام احکامات سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوں گے جبکہ سماعت کے لیے 5 رکنی لارجر بینچ تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی جانب سے اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد بغیر ووٹنگ مسترد کیے جانے کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال پر چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے ازخود نوٹس لے لیا۔

سپریم کورٹ نے ریاستی عہدیداروں کو کسی بھی ماورائے آئین اقدام سے روکتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتیں پرامن رہیں اور کوئی ماورائے آئین اقدام نہ اٹھایا جائے۔

عدالت نے سیکریٹری دفاع کو ملک میں امن وامان سے متعلق اقدامات پر آگاہ کرنےکا نوٹس جاری کیا جبکہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کوئی حکومتی ادارہ غیر آئینی حرکت نہیں کرے گا، تمام سیاسی جماعتیں اور حکومتی ادارے اس صورت حال سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے حکم دیا کہ امن وامان کی صورت حال کو برقرار رکھا جائے، عدالت کا حکم آج کے لیے یہی ہے۔

چیف جسٹس نے پیپلزپارٹی کی درخواست مقرر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سپریم کورٹ ڈپٹی اسپیکر کے اقدامات کا جائزہ لے گی۔