چہلم کے موقع پر کربلا میں شمع حسینی کے پروانوں کا طواف
عراق سمیت دنیا کے بیشتر ملکوں میں شہدائے کربلا کا چہلم آج منایا جا رہا ہے۔
ہمارے نمائندوں کے مطابق اربعین حسینی میں شرکت کے لیے لاکھوں عراقی اور غیر ملکی زائرین نجف اشرف سے پیدل سفر کر کے کربلائے معلی پہنچے ہیں۔ کربلائے معلی میں بار گاہ حسینی اور اس کے اطراف کی تمام شاہراہیں عزاداروں سے بھری پڑی ہیں اور لوگ نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے اس حصے کی جانب رواں دواں ہیں جو بین الحرمین کہلاتا ہے۔
ایک اندازے کے مطابق کربلائے میں اس وقت تین کروڑ سے زائد عزادار موجود ہیں میں جن میں مختلف مذاہب و مسالک کے لوگ شامل ہیں جو حریت پسندوں کے سید و سالار حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم و لازوال قربانی کو اپنے اپنے انداز میں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
اس موقع پر سیکورٹی کے کڑے انتظامات کیے گئے ہیں اور عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے دستے پوری مستعدی کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
پاکستان اور ہندوستان میں بھی شہدائے کربلا کا چہلم آج منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مختلف شہروں سے عزاداری کے سیکڑوں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے ہیں۔