دنیائے کرکٹ کی خبریں
https://urdu.sahartv.ir/news/sports-i227107-دنیائے_کرکٹ_کی_خبریں
انگلینڈ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان لیڈز ٹیسٹ کا پہلا روز بارش کی وجہ سے مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
May ۲۰, ۲۰۱۶ ۰۲:۵۶ Asia/Tehran
  • دنیائے کرکٹ کی خبریں

انگلینڈ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان لیڈز ٹیسٹ کا پہلا روز بارش کی وجہ سے مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا۔

میزبان انگلش ٹیم نے 53 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنا لئے تھے، 83 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد جونی بیئرسٹو نے مشکل وقت میں ایلکس ہیلز کا ساتھ دیا۔

دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹے وکٹ میں 88 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ ہیلز 71 اور بیئرسٹو 54 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، شناکا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جمعرات کو لیڈز میں شروع ہونے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن قائد اینجلومیتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اس کا آغاز مایوس کن رہا اور 83 کے سکور پر آدھی ٹیم آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئی۔

کپتان ایلسٹرکک 16، نک کومپٹن صفر، جوروٹ صفر، جیمز ونس 9 اور بین سٹوکس 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس موقع پر ہیلز اور جونی بیئرسٹو نے میدان سنبھالا۔

بارش شروع ہونے کے باعث کھیل جلد ختم کر دیا گیا، جس کے بعد بقیہ اوورز کا کھیل ممکن نہ ہو سکا۔ ہیلز 71 اور بیئرسٹو 54 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ شناکا نے 3، ایرنگا اور پرادیپ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کیا۔

دوسری جانب انڈین پریمیئر لیگ میں گجرات لائنز نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو باآسانی 6 وکٹ سے مات دے دی۔ کانپور میں کھیلے گئے میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے پہلے بیٹنگ کی، مگر سوائے یوسف پٹھان اور اوپنر اُتھاپا کے کوئی اور بیٹسمین نہ چل سکا۔

اُتھاپا نے 25 رنز اسکور کئے جبکہ یوسف پٹھان نے 36 رنز بنائے، کولکتہ کا اسکور 8 وکٹ پر 124 رنز رہا، ڈیوائن اسمتھ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 8 رنز کے عوض چار وکٹ حاصل کئے۔

جواب میں گجرات لائنز نے ہدف 14ویں اوور میں چار وکٹ پرحاصل کرلیا، کپتان سریش رائنا 56رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، فنچ نے 26رنز بنائے۔