واشنگٹن غاصب صیہونی حکومت کو سیکورٹی فراہم کرنے کا پابند ہے: اوباما
امریکی صدر باراک اوباما نے ایک بار پھر کہا ہے کہ واشنگٹن غاصب صیہونی حکومت کو سیکورٹی فراہم کرنے کا پابند ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق باراک اوباما نے بدھ کے روز وائٹ ہاؤس میں غاصب صیہونی حکومت کے صدر ریوون ریولین کے ساتھ ملاقات میں واشنگٹن اور تل ابیب کے درمیان تعاون میں فروغ پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو سیکورٹی فراہم کرنا امریکی خارجہ پالیسی کا جزو لاینفک ہے اور اس بارے میں ڈیموکریٹک اور ریپبلکن پارٹیوں کے درمیان اتفاق نظر پایا جاتا ہے۔
باراک اوباما نے کہا کہ امریکا ہمیشہ اسرائیل کی فوجی اور جنگی شعبے کی مدد کرتا رہا ہے اور ریولین کے دورہ امریکا میں سیکورٹی اور دفاع کے میدان میں دو طرفہ طویل المعیاد تعاون سے متعلق ایک مفاہمتی یادداشت کے بارے میں تبادلہ خیال ہوگا۔ امریکی صدر نے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، بات چیت کے ذریعہ امن و صلح تک فریقین کی رسائی پر تاکید کی۔
اس ملاقات میں غاصب صیہونی حکومت کے صدر نے امریکا کو اسرائیل کا اتحادی اور گہرا دوست قرار دیا اور فوجی، سفارتی اور مالی مدد کرنے پر اوباما حکومت کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی مدد کی بدولت ہی اسرائیل میں موجودہ اور آئندہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی توانائی پائی جاتی ہے۔ صیہونی حکومت کے صدر امریکا کے اعلی عہدیداروں سے ملاقات کے لئے منگل کے روز واشنگٹن پہنچے تھے۔