جنرل اسمبلی کی قرارداد پر روس کی نکتہ چینی
اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے ویتالی چورکن نے شام کے بارے میں جنرل اسمبلی کی قرار داد کو مسترد کردیا ہے۔
سرکاری اخبار رشین گزٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے ویتالی چورکن کا کہنا تھا کہ شام میں انجام پانے والے جرائم کی تحقیقات کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراداد میں بہت سی خامیاں ہیں اور یہ قرارداد مکمل یکطرفہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ قرار داد واضح طور پر شام کے خلاف تیار کی گئی ہے۔
روس کے مستقل نمائندے نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ارکان ہر اس قرار داد کے حق میں ووٹ دینے کے لیے تیار ہیں جس کے نتیجے میں شام میں تشدد اور بدامنی کا خاتمہ ہوسکے۔
قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے جمعرات کے روز ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں شام میں جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے ایک ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
روس کے مستقل نمائندے نے کہا کہ اس قرار داد میں بہت سے نقائص اور خامیاں ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔