ایران اور روس کے درمیان مسافر بردار طیاروں کا سودا
ایران اور روس کے درمیان بارہ مسافر بردار طیارے خریدنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
روس کے وزیر انرجی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ایس ایس جے ہنڈریڈ یا سوخو سپر جٹ ہنڈریڈ نوعیت کے سو مسافر بردار طیارے خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، کہا کہ اب تک بارہ طیاروں کی خریداری پر اتفاق رائے ہو چکا ہے-
اسپوٹنیک نیوز ایجنسی کے مطابق روس کے وزیر انرجی ایگزینڈر نواک نے مزید کہا کہ سوخو سپر جٹ ہنڈریڈ نوعیت کے سو طیاروں کی فروخت کے لئے تہران اور ماسکو کے درمیان مذاکرات جاری ہیں-
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے منگل کو اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ایران کو سوخو طیاروں کی فروخت کے سلسلے میں مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے-
ایس ایس جے ہنڈریڈ، ڈبل موٹر والا مسافر بردار طیارہ ہے جسے روس کی سوخو کمپنی نے تیار کیا ہے- اس طیارے میں اٹھانوے مسافروں کو ستائیس سو کلومیٹر تک پہنچانے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔
اس طیارے کی قیمت چھتیس ملین ڈالر ہے- اس طیارے نے اپنی پہلی پرواز مئی دو ہزار آٹھ میں انجام دی تھی-