روس، سب وے اسٹیشنوں میں دھماکے، 10 ہلاک، 50 زخمی
روسی حکام نے کہا ہے کہ سن پیٹرس برگ کے دو سب وے اسٹیشنوں میں ہونے والے دو دھماکوں میں مرنے والوں کی تعداد دس ہوگئی ہے۔
نیوز ایجنسی تاس کے مطابق دھماکوں میں کم سے کم پچاس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکوں کے بعد سن پیٹرس برگ کے سات دیگر سب وئے اسٹیشنوں کوفوری طور پر بند کردیا گیا ہے- سیکورٹی فورس نے جائے وقوعہ کو محاصرے میں لیکر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
روس کے صدر ولادی میر پوتن نے سیکورٹی اداروں کو حکم دیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس بات کو واضح کریں کہ یہ دھماکے دہشت گردی ہیں یا نہیں۔
دوسری جانب دارالحکومت ماسکو کی سب وے کمپنی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہربھر کے سب وے اسٹیشنوں پر سیکورٹی انتظامات انتہائی سخت کردیئے گئے ہیں۔
یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ روسی سیکورٹی اداروں نے پچھلے چند ماہ کے دوران درجنوں دہشت گردوں کو دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔
روسی حکام کے مطابق گرفتار شدہ گان میں شام سے واپس آنے روسی شہریوں کے علاوہ، وسطی ایشیا کے ملکوں سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد شامل ہیں جو پرہجوم علاقوں میں دھماکے کرنے کی غرض سے روس میں داخل ہوئے ہیں۔