صیہونی آبادکاروں سے ملنے سے موگرینی کا انکار
یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے برسلز کا دورہ کرنے والے صیہونی آباد کاروں کے ایک وفد کی ملاقات کی درخواست کو مسترد کر دیا۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے صیہونی آبادکاروں کے اس وفد سے ملنے سے انکار کردیا۔
اس سے قبل موگرینی نے مقبوضہ علاقوں میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر کا عمل روکے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔ صیہونی حکومت کے ریڈیو نے بھی اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ برسلز میں یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے صیہونیوں کے وفد کو ملاقات کا وقت دینے سے منع کر دیا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ علاقوں میں غاصب صیہونی حکومت کے غیرقانونی اقدامات پر عالمی برادری نے منفی ردعمل کا اظہار کیا ہے اور بین الاقوامی سطح پر صیہونی حکومت تنہا پڑ گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مقبوضہ علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے۔