مہنگائی کے خلاف لندن میں مظاہرہ
مہنگائی اور موسمیاتی تبدیلوں کے خلاف سیکڑوں لوگوں نے لندن میں مظاہرہ کیا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق، سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں لوگوں نے برطانوی پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ کرکے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور موسمیاتی تبدیلیوں کو روکنے میں حکومت کی ناکامی کے خلاف احتجاج کیا۔
مظاہرین نے برطانیہ کے مستعفی وزیراعظم بورس جانسن کے خلاف بھی نعرے لگائے اور انہیں مختلف بحرانوں کا اصل ذمہ دار قرار دیا۔
موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کا کہنا تھا کہ حکومت برطانیہ نے ماحولیات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات انجام نہیں دیئے۔
یہ مظاہرے ایسے وقت میں کئے گئے جب برطانیہ میں درجہ حرارت چالیس ڈگری سے تجاوز کرچکا ہے۔ گرمی کی وجہ سے درجنوں عمارتوں اور زرعی فصلوں میں آگ لگنے کے واقعات پیش آچکے ہیں جبکہ لندن کے میئر نے صورتحال کو بحرانی قرار دے دیا ہے۔