نائیجیریا کے دہشت گردانہ حملے میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ
Jul ۲۷, ۲۰۱۵ ۱۳:۴۲ Asia/Tehran
نائیجیریا میں دہشت گرد گروہ بوکو حرام کے حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد پچیس ہو گئی ہے-
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کے مایدوگوری صوبے کے سیکورٹی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ شمال مشرقی نائیجیریا میں واقع صوبے بورنو کے ایک گاؤں مایکادری میں بوکو حرام دہشت گرد گروہ کے حملے میں پچیس افراد جاں بحق اور متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے- اس سے قبل بوکو حرام کے اس دہشت گردانہ حملے میں مارے جانے والوں کی تعداد اکیس اعلان کی گئی تھی- افریقہ میں فرانس کے تحقیقاتی ادارے کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نائیجیریا میں بوکو حرام کے تشدد کے آغاز کے وقت سے اب تک بیس لاکھ افراد پڑوسی ملکوں میں پناہ گزیں ہو چکے ہیں اور کسی مضبوط حکومت اور طاقتور فوج کا فقدان بھی اس بات کا باعث بنا ہے کہ بوکو حرام گروہ بدستور اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہے- ان رپورٹوں کے مطابق دو ہزار نو سے بوکو حرام کے دہشت گردانہ اقدامات میں اب تک پندرہ ہزار سے زیاد افراد ہلاک ہو چکے ہیں-