نائیجیریا کے ایک بازار میں خود کش حملہ، دس افراد ہلاک
Jul ۳۱, ۲۰۱۵ ۱۴:۲۴ Asia/Tehran
نائیجریا کے شمال مشرقی شہر مایدوگوری کی ایک منڈی میں ہونے والے خود کش حملے میں دس سے زائد افراد ہلاک ہو گئے-
رپورٹ کے مطابق نائیجیریا میں ایک سیکورٹی عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر، صوبہ بورنو کے صدر مقام مایدوگوری میں خود کش حملے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات میں لاشیں بکھر جانے کے باعث مرنے والوں کی صحیح تعداد بتانا، مشکل ہوتا ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے- انھوں نے مزید کہا کہ اس حملے میں کچھ لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں- بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے- کہا جا رہا ہے کہ مسلح حملہ آور ایک مرد تھا، جو ایک خاتون کے ساتھ ایک آٹو رکشے پر بیٹھ کر سبزی منڈی کے سامنے پہنچا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا- اس سے قبل خـبروں میں بتایا گیا تھا کہ حملہ آور ایک خاتون تھی- اتوار کو بھی نفسیاتی مسائل کی شکار ایک خاتون نے صوبہ یوبہ کے ایک علاقے کے بازار میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا جس کے نتیجے میں چودہ افراد ہلاک اور چالیس دیگر زخمی ہو گئے تھے- نائیجیریا کے شہر مایدوگوری میں عام طور سے بوکو حرام دہشت گرد گروہ، حملے کرتا رہتا ہے- واضح رہے کہ چھے سال قبل بوکو حرام گروہ کے دہشت گردانہ حملے شروع ہونے کے بعد سے اب تک بیس ہزار افراد ہلاک اور تقریبا بیس لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں-