لیبیا: داعش کے ساتھ جھڑپ میں سات فوجی ہلاک
Aug ۰۱, ۲۰۱۵ ۱۱:۵۹ Asia/Tehran
لیبیا میں دہشت گرد گروہ داعش نے سات فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
لیبیا کے ایک فوجی ذریعے نے کہا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر نے اجدابیا شہر کے باہر واقع ایک چیک پوسٹ پر حملہ کر کے پانچ فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے جبکہ پندرہ فوجی لاپتہ ہو گئے ہیں۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق لیبیا کے اس فوجی ذریعے نے مزید کہا ہے کہ بین الاقوامی حمایت کی حامل حکومت نے اس علاقے میں مزید فوجی بھیجے تو دو اور فوجی بھی ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے۔ دہشت گرد گروہ داعش نے ایک بیان جاری کر کے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ دہشت گرد گروہ داعش کے بیان میں مزید آیا ہے کہ یہ حملہ اس کے دو سو عناصر نے کیا اور اس حملے کے دوران اس نے فوجی ساز و سامان بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت لیبیا میں دو حکومتیں اور دو پارلیمان ہیں اور وہاں اقتدار کی رسہ کشی جاری ہے اور دہشت گرد گروہ داعش اس ملک میں سیکورٹی کے فقدان سے فائدہ اٹھا کر دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دیتا ہے۔