شمال مشرقی نائیجیریا کے ایک گاؤں پر بوکوحرام کا حملہ
Aug ۰۳, ۲۰۱۵ ۱۲:۳۵ Asia/Tehran
بوکو حرام گروہ نے شمال مشرقی نائیجیریا کے ایک گاؤں پر حملہ کیا ہے-
اطلاعات کے مطابق بوکو حرام گروہ نے اتوار کے روز شمال مشرقی نائیجیریا کے ایک گاؤں پر حملہ کیا جس میں تیرہ افراد ہلاک ہو گئے- صوبہ بورنو کے گاؤں مالاری پر ہونے والے اس حملے میں ستائیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں- بوکو حرام کے دہشت گردوں نے گاؤں کے متعدد گھروں کو نذر آتش بھی کر دیا- عینی شاہدین نے بتایا کہ بوکوحرام گروہ کے افراد نے مالاری گاؤں کے لوگوں پر فوج کو اس گروہ کے خفیہ ٹھکانے کے بارے میں بتانے کا الزام لگایا ہے- ادھر بوکو حرام گروہ کے ہاتھوں اغوا ہونے والے دسیوں بچوں کو آزاد کرا لیا گیا ہے- نائیجیریا کی فوج کے ترجمان توگور گوساؤ نے اتوار کے روز بتایا کہ ایک سو ایک بچوں اور سڑسٹھ عورتوں سمیت بوکو حرام کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے ایک سو اٹھتر افراد کو آزاد کرا لیا گیا ہے- ترجمان نے بتایا کہ ان افراد کو ایک علاقے میں بوکو حرام کے خلاف ہونے والی فوجی کارروائی کے دوران آزاد کرایا گیا ہے- توکور گوساؤ نے بتایا کہ اس کارروائی میں فوج نے بوکو حرام کے ایک سینئر کمانڈر کو گرفتار بھی کیا ہے- اطلاعات کے مطابق بوکو حرام کے گرفتار ہونے والے کمانڈر سے تفتیش کی جا رہی ہے- واضح رہے کہ بوکو حرام گروہ نے نائیجیریا اور اس کے ہمسایہ ممالک میں گزشتہ چھے سال کے دوران تقریبا" بیس ہزار افراد کو قتل اور تقریبا دو کروڑ افراد کو بے گھر کیا ہے-