کیمرون:بوکوحرام کی کارروائی، ایک سو افراد اغوا
Aug ۰۵, ۲۰۱۵ ۱۰:۴۴ Asia/Tehran
دہشت گرد گروہ بوکو حرام نے کیمرون کے ایک دیہات پر حملہ کر کے تقریبا ایک سو افراد کو اغوا کر لیا ہے۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق دہشت گرد گروہ بوکوحرام نے نائیجریا کے ساتھ ملنے والی کیمرون کی سرحد پر کیمرون کے ایک دیہات پر حملہ کر کے آٹھ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ اس دہشت گرد گروہ نے تقریبا ایک سو افراد کو اغوا بھی کر لیا۔ اس سے پہلے والی رپورٹ میں اغوا ہونے والے افراد کی تعداد بیس بتائی گئی تھی۔ یہ حملہ کیمرون کے شمالی علاقے مائورا میں واقع چاکار ماری دیہات پر کیا گیا۔ واضح رہے کہ کیمرون کی حکومت چاڈ، نائجر اور نائجیریا کے ساتھ مل کر بوکوحرام کے عناصر کا مقابلہ کر رہی ہے- بوکوحرام کے خلاف آپریشن میں کیمرون کے سات ہزار فوجی حصہ لے رہے ہیں۔ بوکوحرام نے سنہ دو ہزار نو میں نائیجیریا میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا تھا۔ اس دہشت گرد گردہ نے سنہ دو ہزار پندرہ سے اپنے حملوں کا دائرہ نائجر، چاڈ اور کیمرون تک بڑھا دیا ہے۔