مصر میں جھڑپ اور دھماکے میں ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافہ
Aug ۱۰, ۲۰۱۵ ۱۳:۴۳ Asia/Tehran
مصر کے سویز علاقے میں ہونے والی مسلح جھڑپ اور بم دھماکے میں تین پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق سویز علاقے میں نامعلوم مسلح افراد اور پولیس کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں اس علاقے کے نائب پولیس سربراہ ولید صادق مارے گئے ہیں- یہ جھڑپ سلام کالونی کے نزدیک ایک بازار میں ہوئی اور ایک پولیس اہلکار اس جھڑپ میں زخمی بھی ہوا ہے- رپورٹ کے مطابق پولیس اور مسلح افراد کے درمیان ہونے والی فائرنگ میں ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ ایک فرار ہو گیا- مصر کی وزارت داخلہ کے اعلان کے مطابق اس سے پہلے شمالی سینا کے علاقے العریش میں ایک سڑک کے کنارے نصب بم کے دھماکے میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے تھے- قابل ذکر ہے کہ دو ہزار تیرہ میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں صدر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد سے مصری پولیس اور فوج کے خلاف حملوں میں اضافہ ہوا ہے-