لیبیا میں داعش کے ہاتھوں تیس افراد کا قتل
Aug ۱۳, ۲۰۱۵ ۱۳:۵۳ Asia/Tehran
داعش گروہ نے لیبیا کے شہر سرت میں تیس عام شہریوں کو قتل کر دیا ہے-
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر نے جمعرات کے روز سرت شہر میں تیس عام شہریوں کو قتل کر دیا- عینی شاہدین کے مطابق اس شہر میں داعش گروہ کے ہاتھوں قتل عام کا یہ پہلا واقعہ ہے- رپورٹ کے مطابق سرت شہر کے ایک رہائشی علاقے پر داعش گروہ کے حملے کے دوران یہ قتل عام ہوا ہے- سرت شہر لیبیا کے سابق ڈکٹیٹر معمر قذافی کا آبائی شہر ہے- قابل ذکر ہے کہ سرت شہر کے لوگ منگل سے اب تک داعش گروہ کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں- داعش گروہ نے بدھ کے روز بھی اس شہر پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا تھا- دریں اثنا لیبیا کے ذرائع ابلاغ نے طبرق اور طرابلس میں قائم لیبیا کی حکومتوں کی طرف سے لیبیا کے کئی علاقوں میں داعش گروہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی خبر دی ہے- ان ذرائع کے مطابق طبرق اور طرابلس کی حکومتوں کے طیاروں نے سرت کی طرف جانے والے داعش کے ایک قافلے اور اس گروہ کے کئی ٹھکانوں پر بمباری کی ہے-