امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ، آٹھ ہلاک
Aug ۰۹, ۲۰۱۵ ۱۶:۴۶ Asia/Tehran
امریکا کی ریاست ٹیکساس میں ہونے والی فائرنگ میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں-
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ ریاست ٹیکساس کے ہیرس علاقے میں ایک گھر میں ہونے والی فائرنگ میں کم سے کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں- ہلاک شدگان میں پانچ بچے بھی شامل ہیں- فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے- امریکی پولیس نے اس بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے کہ ہلاک شدگان کا آپس میں کیا تعلق تھا- قابل ذکر ہے کہ گزشتہ جنوری سے اب تک امریکا میں ہونے والے فائرنگ کے واقعات میں چھے ہزار افراد سے زائد افراد ہلاک اور تیرہ ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں- امریکا میں مسلحانہ تشدد سنگین سماجی مسئلے میں تبدیل ہو گیا ہے- امریکی حکومت نے گزشتہ دو سال کے دوران اسلحہ پاس رکھنے کے قانون میں ترمیم کرنے کی کوشش کی ہے لیکن اسلحہ بنانے والی بڑی بڑی کمپنیوں نے، جن کا امریکی کانگریس میں اثر و رسوخ ہے، مذکورہ قانون میں ترمیم کی کوششوں کو ابھی تک کامیاب نہیں ہونے دیا ہے-